
ندوۃ العلماء کا قیام
۱۱، ۱۲ محرم الحرام ۱۳۱۶ھ، مطابق ۱۸۹۸ء، میں ایک ہمہ گیر علمی و دینی تحریک کی حیثیت سے ’’ندوۃ العلماء‘‘ کا قیام عمل میں آیا۔ اس تحریک نے بہت ہی قلیل عرصے میں پورے ملک کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ ندوۃ العلماء کے سالانہ جلسے جس شان و شوکت اور تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوتے تھے، ان سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ اس تحریک کی جڑیں ملک کے اندر کتنی گہری تھیں اور اس کا دائرۂ کار اور حلقۂ اثر کس قدر وسیع تھا۔
یہ تحریک اپنے چند بنیادی مقاصد کے حصول کے لیے سرگرمِ عمل ہوئی، جن میں سے چند اہم مقاصد درج ذیل ہیں:
مقاصد و اہداف
- علوم اسلامیہ کے نصابِ درس میں بنیادی اصلاحات اور نئے نصاب کی تیاری۔
- ایسے علماء تیار کرنا جو کتاب و سنت کے وسیع و عمیق علم کے ساتھ جدید حالات سے بخوبی واقف اور ان سے ہم آہنگ ہوں۔
- اتحادِ ملی اور اخوتِ اسلامی کے جذبات کو فروغ دینا، نیز باہمی نزاع کے فتنے کو ختم کرنا۔
- اسلامی تعلیمات کی اشاعت بالخصوص برادرانِ وطن کو اس کی خوبیوں سے واقف کرانا، ان کے سامنے اس کی ہمہ گیری اور پوری انسانی برادری کے لیے باعث رحمت بتانا اور اسلام سے ان کی وحشت کو دور کرنا۔
اس تحریک کے بانی حضرت مولانا محمد علی مونگیریؒ (خلیفہ مولانا فضل الرحمن گنج مرادآبادیؒ) تھے۔ ان کی سرکردگی میں ملک کے ممتاز علماء و مشائخ کے طویل مشوروں کے بعد یہ ادارہ قائم ہوا تھا۔ شیخ المشائخ حضرت حاجی امداد اللہ مہاجر مکیؒ نے اس کے مقاصد کی کامیابی کی دعائیں فرمائی تھیں۔ ملک کے علماء کرام اور صلحاء کی ایک بڑی تعداد نے اس تحریک سے اتفاق کیا تھا اور اس کی تقویت کے لیے حسب استطاعت جدوجہد کی تھی۔
ندوۃ العلماء کے مقاصد کی ترویج و اشاعت کرنے والے ملک کے مشہور علماء یہ تھے:
استاذ العلماء مولانا لطف اللہ علی گڑھیؒ، علامہ شبلی نعمانیؒ، مولانا الطاف حسین حالیؒ، مولانا عبد الحق حقانیؒ، مولانا عبد اللہ انصاریؒ، مولانا سید محمد شاہ محدث رامپوریؒ، مولانا محمد فاروق چریا کوٹیؒ، مولانا خلیل الرحمن سہارنپوریؒ، مولانا محمد ابراہیم آرویؒ، مولانا رحیم بخشؒ، مولانا احمد حسن کانپوریؒ، مولانا شاہ سلیمان پھلواریؒ، مولانا ظہور الاسلام فتح پوریؒ، شاہ محمد حسن الہ آبادیؒ، مولانا حبیب الرحمن خاں شیروانیؒ (سابق صدر الصدور امور مذہبی، حیدرآباد، دکن)، مولانا ابو الکلام آزادؒ، منشی اطہر علی کاکورویؒ، مولانا حکیم سید عبد الحی حسنیؒ اور مولانا فتح محمد تائب لکھنویؒ وغیرہ۔
ان بزرگوں کا پختہ عقیدہ یہ تھا کہ اسلام ایک عالمگیر اور ابدی دین ہے، جو رہتی دنیا تک انسانوں کی رہنمائی اور اس کی دنیوی و اخروی کامیابیوں کا ضامن ہے اور اس میں زندگی کے ہر شعبے کے لیے رہنمائی اور ہر مشکل کا حل موجود ہے۔ اس لیے ذہنِ انسانی کے ارتقاء و تنزل اور اس کے تغیرات کی مختلف منزلوں سے اس کا سابقہ پڑنا، بدلے ہوئے حالات اور افکار میں رہنمائی کا فرض انجام دینا اور ہر دور میں پیدا ہونے والے شکوک و شبہات کو رفع کرنا اس کے لیے ایک قدرتی امر ہے، ایسے جامع، ہمہ گیر اور جاوداں دین کے داعی اور اس کی تفہیم و تبلیغ کرنے والے افراد پیدا کرنے کے لیے ایسا نظام اور نصابِ تعلیم مرتب کیا جانا چاہیے جس کا دائرہ برابر وسیع ہوتا رہے، جو ہر دور میں بدلتے ہوئے حالات کے تقاضوں کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو اور زندگی کا ثبوت دیتا رہے۔ نظامِ تعلیم اسی وقت مفید اور کارآمد ہو سکتا ہے جب وہ قدیم و جدید دونوں کی خوبیوں کا جامع ہو، اصول و مقاصد میں سخت اور بے لوچ، فروعی مسائل میں وسیع اور لچکدار ہو، ترقی پذیر ہو، زمانہ کی تبدیلیوں اور ارتقاء کے مطابق (اپنی روح، مقاصد اور اساسی علوم کی حفاظت کے ساتھ) بدلتا اور ترقی کرتا رہے۔ یہ وقت کی ایک اہم ضرورت تھی اور اسی میں مسلمانوں کے تعلیمی مسائل کا حل پوشیدہ تھا۔

