شعبۂ مدارسِ ثانویہ

دارالعلوم ندوۃ العلماء کے مرکزی احاطے میں جگہ کی محدود گنجائش اور طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر مختلف مقامات پر مدارسِ ثانویہ قائم کیے گئے ہیں، جہاں دارالعلوم کے تعلیمی منہج و نظام کے مطابق ثانوی درجات کی تعلیم کا انتظام ہے۔ یہ تمام مدارس مکمل طور پر دارالعلوم ندوۃ العلماء کے تعلیمی و انتظامی نظام کے تابع ہیں۔ ان کے ذریعے مرکزی دارالعلوم کے تعلیمی نظام کو وسعت دینے اور طلبہ کے لیے مناسب تعلیمی و رہائشی سہولتیں فراہم کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

۱-معہد دارالعلوم، سکروی، لکھنؤ

دارالعلوم کے مرکزی احاطے میں جگہ کی قلت کی وجہ سے معہد دارالعلوم کو ہر دوئی روڈ پر، دارالعلوم سے تقریباً دس کلومیٹر کے فاصلے پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہاں درس گاہوں کی دو منزلہ عمارت تعمیر ہو چکی ہے، جس میں مختلف درجات کی تعلیم جاری ہے۔ دارالاقامہ کی تعمیر بھی مکمل ہو چکی ہے، جسے ’’رواق مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندویؒ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر اس کی تیسری منزل کی تعمیر درکار ہے، تاکہ رہائش کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔طلبہ کی دینی و تربیتی ضروریات کے پیشِ نظر ایک وسیع ہال کی ضرورت بھی محسوس کی گئی تھی، جس کی تعمیر الحمدللہ مکمل ہو چکی ہے۔ یہ دو منزلہ عمارت ہے، جس کی بالائی منزل میں لائبریری قائم کی گئی ہے۔ یہ لائبریری جناب ٹی رفیق احمد کے نام سے موسوم ہے۔

۲- مدرسہ اسلامیہ (معہد سیدنا ابی بکر الصدیق)، سمرہیا مہپت مئو، لکھنؤ

دارالعلوم اور بالخصوص معہد دارالعلوم میں طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد اور جگہ کی قلت کے پیشِ نظر دارالعلوم ندوۃ العلماء سے تقریباً دس کلومیٹر کے فاصلے پر موضع مہپت مئو میں وسیع اراضی حاصل کی گئی۔ اس سلسلے میں حضرت مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندویؒ سے تعلق و ربط رکھنے والے اہل دین اور مخیر حضرات نے تعاون کیا۔ اس اراضی پر ایک قدیم اور خستہ حال مسجد بھی موجود تھی۔یہاں شعبۂ حفظ اور ابتدائیہ سے لے کر عالیہ اولیٰ تک تعلیم کا انتظام ہے۔ مسجد کی ازسرنو تعمیر کے علاوہ دارالاقامہ اور درس گاہ بھی تعمیر کی گئی ہے۔ اساتذہ و عملے کی رہائش کے لیے تین منزلہ عمارت بھی تعمیر ہو چکی ہے۔ آب رسانی کی سہولت کے لیے ٹیوب ویل کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ اس مدرسے کے جملہ اخراجات ندوۃ العلماء کے ذمہ ہیں۔فی الحال مدرسے کی اراضی کی چہار دیواری، طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر اضافی دارالاقامہ اور ایک مستقل مہمان خانے کی تعمیر کی ضرورت ہے۔

۳- مدرسہ مظہر الاسلام، بلوچ پورہ، لکھنؤ

ندوۃ العلماء کی خریدی ہوئی وسیع اراضی پر شہرِ لکھنؤ کے محلہ بلوچ پورہ میں ۱۹۹۳ء میں ’’مدرسہ مظہر الاسلام‘‘ قائم کیا گیا۔ یہاں شہر کے طلبہ کی بڑی تعداد تعلیم حاصل کرتی ہے، جب کہ بیرونی طلبہ کے لیے دارالاقامہ کا بھی انتظام ہے۔مدرسے کی درس گاہ کی تین منزلہ عمارت کی تعمیر تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ اس کی ہر منزل پر سولہ کمرے ہیں، جن میں سے ہر کمرے کا رقبہ ۲۰ ضرب ۳۰ فٹ ہے۔ طلبہ کی رہائش کے لیے تین منزلہ دارالاقامہ کی تعمیر بھی شروع کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ابتدائی درجات اور شعبۂ حفظ کی تعلیم اور طلبہ کے قیام کے لیے ایک الگ تین منزلہ عمارت کی تعمیر بھی پیشِ نظر ہے۔مدرسے میں ایک بڑے مطبخ کی بھی ضرورت ہے، جہاں فی الحال ایک مختصر ٹین شیڈ کے نیچے کھانا تیار کیا جاتا ہے۔ اسی طرح مختلف تعلیمی، دینی، دعوتی اور ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کے لیے ایک وسیع کانفرنس ہال کی ضرورت بھی ہے۔مدرسے کا مجموعی رقبہ تقریباً دو لاکھ پچیس ہزار مربع فٹ ہے۔ یہ شہر کے ایسے علاقے میں واقع ہے جہاں مسلمانوں کی گنجان آبادی ہے۔ اہلِ خیر کے تعاون سے اس ادارے کو علاقے کی دینی و تعلیمی ضروریات کے لیے ایک مؤثر مرکز بنایا جا سکتا ہے۔ اس مدرسے کے تمام اخراجات ندوۃ العلماء کے ذمہ ہیں۔ اس کی وسیع مسجد بھی زیر تعمیر ہے، جس کی تکمیل کے لیے اہلِ خیر کی توجہ اور تعاون درکار ہے۔

۴- مدرسہ رحمانیہ، مکارم نگر، لکھنؤ

مدرسہ رحمانیہ میں مکتب سے درجہ ہفتم تک تعلیم کا انتظام ہے۔ یہاں شہر کے عام طلبہ و طالبات کے علاوہ دارالعلوم ندوۃ العلماء کے اساتذہ اور عملے کے بچے اور بچیاں بھی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔

۵- مدرسہ سیدنا عثمان ابن عفانؓ -رائے بریلی

رائے بریلی شہر کے مرکزی مقام پر ندوۃ العلماء کی اپنی اراضی میں یہ مدرسہ قائم ہے، جہاں شعبۂ حفظ اور ابتدائی عربی درجات کی تعلیم کا انتظام ہے۔ طلبہ کی رہائش کے لیے دارالاقامہ بھی موجود ہے۔ یہ مدرسہ ندوۃ العلماء کے زیر انتظام کام کر رہا ہے ،شہر رائے بریلی میںیہ مدرسہ ایک اہم دینی و ملی ضرورت کو پورا کر رہا ہے۔

۶- مدرسہ فواد خلیل ابراہیم، براؤن کلاں، لکھنؤ

یہ مدرسہ بھی ندوۃ العلماء کے زیر انتظام کام کر رہا ہے۔ یہاں مکتب کی تعلیم کے ساتھ شعبۂ حفظ بھی قائم ہے۔ طلبہ کی رہائش کے لیے ہاسٹل کا انتظام ہے۔